جامعہ اسلامیہ علامہ عبدالغنی ٹاؤن چمن
سفر سے وطن اصلی کو واپسی کے وقت راستہ مسافت شرعی سے کم ہونے کی صورت میں قصر کا حکم
کیا فرماتے ہے مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں!
کہ اگر آدمی سفر شرعی کی مسافت کی دوری پوری کرچکا ہو اور اگر واپسی میں اس کا وطن اصلی سفر کی مسافت شرعی کی دوری پر نہ ہو تو کیا واپسی میں پوری نماز پڑھے گا یا قصر کرے گایعنی واپسی میں بھی قصر کے لئے مسافت شرعی کا ہونا ضروری ہے یا نہیں؟۔
واضح رہےاگر کوئی شخص مسافت شرعی(سوا ستتر کلومیٹر) طے کرکے مسافر بن چکا ہو اور سفر میں قصر کرتا رہا ہو، لیکن واپسی کے وقت جس جگہ سے اپنے وطن اصلی تک واپسی کا سفرطے کرنا ہو اس جگہ اور وطن اصلی کے درمیان شرعی مسافت سفر کے برابر فاصلہ نہ ہو (یا تو اس وجہ سے کہ وہ سفر کرتے کرتے واپسی سے پہلے ایسی جگہ آکر ٹھہرا ہو جو اس کے وطنِ اصلی سے مسافت شرعی سے کم مسافت پر واقع ہو یا اس وجہ سے کہ وہ واپسی کے وقت ایسے قریبی راستے کو اختیار کرے جو مسافت شرعی سے کم ہو ) تو اس کی دو صورتیں ہیں:
۱)جہاں ٹھہرا ہوا تھا اگر اس جگہ کم از کم پندرہ دن ٹھہر کر واپس ہورہا ہے تو اب واپسی میں قصر نہیں کرسکتا، کیوں کہ مقیم ہوجانے کے بعد سفر کا آغاز ہوا ہے، لیکن مسافت شرعی (سوا ستتر کلومیٹر) سے کم ہے ، جب کہ اس صورت میں واپسی کے وقت قصر کے لئے سفر کی مسافتِ شرعی کا ہونا ضروری ہے۔
۲)لیکن اگر جس جگہ سے واپسی ہورہی ہے وہاں پندرہ دن قیام نہ کرنے کی وجہ سے مقیم نہیں تھا، بلکہ مسافر تھا اور قصر کر رہا تھا تواب واپسی میں بھی وطنِ اصلی میں داخل ہونے سے پہلے پہلے قصر کرتا رہے گا، کیوں کہ اس صورت میں پہلے ہی سے مسافر تھا، نئے سرے سے سفر شروع نہیں کیا، اور مسافر جب تک وطنِ اصلی میں داخل نہ ہوجائے اس وقت تک وہ قصر کرتا ہے، اس صورت میں واپسی کے وقت قصر کے لئے سفر کی مسافتِ شرعی کا ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ دونوں صورتوں (یعنی چاہے مسافتِ شرعی ہو یا نہ ہو) میں وطنِ اصلی میں داخل ہونے سے پہلے پہلے قصر کرنا لازم ہے۔
لمافی"الشامی":
"ولو لموضع طريقان: أحدهما مدة السفر، والآخر أقل، قصر في الأول لا الثاني.
(قوله: قصر في الأول) أي ولو كان اختار السلوك فيه بلا غرض صحيح خلافاً للشافعي، كما في البدائع".
(ردالمحتار)(2/123)،
وفی" الھندیھ":
"وتعتبر المدة من أي طريق أخذ فيه، كذا في البحر الرائق. فإذا قصد بلدة وإلى مقصده طريقان: أحدهما مسيرة ثلاثة أيام ولياليها، والآخر دونها، فسلك الطريق الأبعد كان مسافراً عندنا، هكذا في فتاوى قاضي خان. وإن سلك الأقصر يتم، كذا في البحر الرائق".(الھندیھ)(1/138)،