جامعہ اسلامیہ علامہ عبدالغنی ٹاؤن چمن
موبائل یا MP3 وغیرہ میں ریکارڈ شدہ تلاوت سننے کی وجہ سے سجدۂ تلاوت کا حکم
کیافرماتےہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کےبارےمیں!
اگر آیتِ سجدہ کو ہم موبائل یا MP3 وغیرہ سے سن لیں تو اس کی وجہ سے سجدۂ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں؟۔
واضح رہے موبائل یا MP3 وغیرہ میں ریکارڈ شدہ تلاوت سننے کی وجہ سے سجدہ تلاوت واجب نہیں ہوتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سجدۂ تلاوت کے وجوب کےلیے تلاوتِ صحیحہ کا ہونا ضروری ہے اور تلاوت کےصحیح ہونے کےلیے تلاوت کرنے والے کا باشعور اور متمیز(سمجھ دار) ہونا ضروری ہے،کیوں کہ صبی غیر متمیز(ناسمجھ بچہ) ، مجنون، طوطے یا صدا باز گشت وغیرہ سے آیتِ سجدہ سننے سے سجدۂ تلاوت واجب نہیں ہوتا، چوں کہ ریکارڈ شدہ تلاوت جس آلے سے سنی جائے گی وہ ایک لاشعور اور بے جان چیز ہے، اس وجہ سے اس پر آنے والی تلاوت تلاوتِ صحیحہ نہیں، اور جب تلاوتِ صحیحہ نہیں تو اس کے سننے سے سجدۂ تلاوت بھی واجب نہیں۔
لمافی "البدائع":
بخلاف السماع من من الببغاء والصدى؛ فإن ذلك ليس بتلاوة، وكذا إذا سمع من المجنون؛ لأن ذلك ليس بتلاوة صحيحة؛ لعدم أهليته؛ لانعدام التمييز(کتا ب الصلوة فصل بیان من تجب علیہ سجدۃ التلاوۃ:2/266)